منگل، 22 ستمبر، 2020

لیموں سے ہر بیماری کا علاج

 

لیموں کے فوائد


لیموں کا تعارف

 یہ ایک مشہور و معروف پھل ہے۔ جس کا وزن عام طور پر دو سے تین تولہ ہوتا ہے۔ لیکن اس کی بعض اقسام کا وزن سنگترے کے برابر ہوتا ہے۔ لیموں کا درخت دس سے بارہ فٹ بلند ہوتا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں بعض مقامات کی خدائی کے دوران لیموں کے بیج دستیاب ہوئےجن کے بارے میں تحقیق سے پتا چلا کہ وہ چار ہزار سال قبل مسیح کے ہیں۔ اس کی ابتدا براعظم ایشیاء سے ہوئی تھی اٹلی میں کوئی سولہ سو سال قبل اس سے واقف ہوئے۔ برطانیہ، امریکہ ، فرانس کی سو سال پہلے کی کتابوں میں اس کا ذکر ملتا ہے۔

چائے برائے سر درد

کالی چائے لے کر پکائیں اور اس میں دودھ ملانے کی بجائے سالم لیموں کا رس ملا کر مریض کو گرم گرم پلادیں۔ انشاءاللہ اسی وقت آرام ہوگا۔ 

لیپ برائے سر درد

لیموں کا چھلکا جس کو لوگ ردی شے سمجھ کر پھینک دیتے ہیں لے کر کھرل میں ڈال کر نہایت بارک پیس لیں۔ اور ضماد تیار ہونے پر لیپ کر دیں۔ پانچ منٹ میں آرام ہوگا۔ فوائد: اس سے گرمی سے ہونے والا سر درد ، درد شقیقہ، آدھے سر کا درد دور ہو جاتاہے۔

شکنجی برائے سردرد

ایک عدد لیموں لے کر اس کا رس پانی میں نکالیں اور اس میں چینی اور پانی شامل کر کے شکنجی بنا لیں۔ بوقت ضرورت استعمال کریں۔ گرمی اور خشکی سے ہونے والے سر درد کیلئے مجرب ہے۔

 نزلہ زکام

نزلہ زکام ہر دو بڑی سخت بیماریاں ہیں۔ اور اس سے بڑی مہلک بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔ اس لیے ان کے علاج میں ہرگز ہرگزسستی نہ کریں۔ 

لیموں سے آسان چٹکلہ برائے زکام۔

لیموں کو چیر کر مریض کو سنگھائیں منٹوں میں آرام پہنچے گا۔

لیموں سے گنجے پن کا علاج

اس مرض کی وجہ سے سر کے بال اڑ جاتے ہیں۔ اور پھر دوبارہ پیدا نہیں ہوتے اس لیے مریض  کا سر بہت ہی بدنما دکھائی دینے لگتا ہے۔ 
نسخہ: تخم لیموں حسب ضرورت لیکر پانی میں پیس کر روزانہ سر پر لیپ کرائیں۔ ایک ماہ کے استعمال سے کافی فائدہ ہوگا۔

بال لمبے کرنا۔

لیموں کا رس حسب ضرورت لیکر اس میں آملہ کا سفوف لیکر ڈالیں۔ اور بالوں کی جڑوں میں ملیں۔ چند بار کے استعمال سے بال لمبے کالے سیاہ اور چمکیلے نرم ہوجائیں گے۔ 

بال لمبے کریں

ایک عدد لیموں کو سالم ہی آدھ چھٹانک تلوں کے تیل میں جلا لیں۔ تیل کو صاف کر کے بالوں پر ملیں۔ فوائد: بال ملائم ، نرم ، لمبے ، گھنے اور بالکل سیاہ ہوجائیں گے۔ اس کے استعمال سے سر کی جوئیں لیکھیں مر جائیں گے۔ (از میاں جی غلام صدیق)

لیموں سےخشکی سر کا علاج

سر کی خشکی جب بڑھ جاتی ہے۔ تو سر میں سے سینکری  یعنی باپھ بن کر نکلنے لگتی ہے۔ اس کو دور کرنے کیلئے عرق لیموں ایک جادو ہے۔ ترکیب یہ ہے۔ لیموں کونچوڑ کر اس کا رس نکالیں اور اس کو گرم پانی میں ملا کر سر میں ڈال کر سر کو اچھی طرح مَلیں اس سے میل کچیل رِنڈ مر جائیں گے۔ بال نرم ہوں گے اور سر کی خشکی رفع ہوجائے گی۔ 

لیموں سے سر کی خشکی کا علاج

لیموں کے رس میں چینی ملا کر سر پر لگائیں پانچ چھ گھنٹے بعد سر دھو ڈالیں۔ باپھ دور ہوجائے گی۔

سر کے چکرانے کا لیموں سے علاج

جس شخص کو ذرا دیر بیٹھ کر اٹھتے ہوئے یاچلتے پھرتےچکر آجاتاہوصبح کےوقت ایک لیموں نچوڑ کر اور اس میں مصری ملا کر پیا کرے۔ چند یوم کا استعمال نہایت ہی مفید ہے۔

جوئیں لیکھیں پڑنا۔

جوئیں پڑنا بھی ایک مرض ہے۔ جس کی وجہ غالباً میلا کچیلا رہنا ہے۔ جب انسان کسی اعلیٰ شادی میں بیٹھا ہوا ہو اور بدقسمتی سے اس وقت کسی کے بدن یا کپڑے پر کوئی جوں نظر آجائے تو اس کو بے حد شرمندگی ہوتی ہے۔ اس لیے ہم ایک ایسا نسخہ بیان کر رہے ہیں جس سے کہ نہ صرف جوئیں مر جاتی ہیں بلکہ اس کے بعد بھی مدت تک ان کی پیدائش بند ہوجاتی ہے۔(از حکیم عبداللہؒ)
نسخہ: سالم لیموں لیکر کوٹیں اور پانی نچوڑ کر اس میں پارہ اندازًچھ ماشہ ملا کر کھرل میں ڈال کر کھرل کریں۔ جب پارہ حل ہو جائے تو اس کو سر پر لگائیں۔ نیز کسی ڈورے وغیرہ کو تر کر کے بدن پر کہیں باندھ لیں۔ اس کی بو سے ہی جوئیں ہلاک ہو جائیں گی۔ مدت تک پیدابھی نہ ہوں گی۔ (دعاگو میاں جی غلام صدیق کھوسہ)

آنکھوں کی بیماریاں

لیموں کا جادو آنکھ کی ہر مرض کیلئے

نصف لیموں لیکر اس پر سندھور چھڑکیں اور جس طرف کی آنکھ میں درد ہو اسی جانب پاؤں کے انگوٹھے پر باندھ دیں۔ انشاء اللہ ایک ہی رات میں آنکھوں کا دکھنا، ککرا وغیرہ ہر مرض کیلئے مفید ہے۔

جادو اثر نسخہ

یہ دوا نہ صرف آنکھوں کی بیماریوں کیلئے بھی مانند اکسیر ہے جس شخص کے پاس یہ دوا ہوگی بفضلہٖ وہ تحصیل بھر میں آنکھو ں کا ڈاکٹر مشہور ہوگا۔ علاج: لوہے کی کھرل میں صرف لیموں کا ہی رس ڈال کر لوہے کے دستہ سے کھرل کرتے رہیں جب کھرل کرتے کرتے گھاڑی سی دوا تیار ہوجائے تو رکھ چھوڑیں اور بوقت ضرورت دکھتی ہوئی آنکھ پر اس کا لیپ کردیں۔ فوائد: اس سے بفضلہٖ آنکھوں کی جلن، درد ر،تی، سرخی، ککرا وغیرہ دور ہوجاتی ہے۔نوٹ: اگر یہ دوا سلائی سے ذرا ذراسی مقدار میں آنکھ میں ڈال دی جائے تو بھی کوئی ہرج نہیں بلکہ زیادہ مفید ہے۔

یرقان

اس مرض میں پہلے آنکھوں اور ناخنوں پر زردی اورپھر تمام بدن پر ظاہر ہوتی ہے۔ پیشاب اس قدر زرد ہو جاتا ہے کہ اگر اس میں سفید رنگ کا کپڑا یا روئی وغیرہ تو اس کو زرد رنگ کا کر دیتا ہے۔ پاخانہ میں زرد سیاہی میل کے ہوئے قبض کے ساتھ خارج ہوتا ہے۔

لیموں سے یرقان کا  علاج

لیموں کا رس ایک تولہ، کھنڈ دو تولہ، میٹھا سوڈا چار رتی، نشادر دو رتی، سب کو آپس میں ملا کر دس تولہ پانی میں حل کر کے صبح نہار منہ مریض کو پلایا کریں اور شام کوبھی اسی قدر پلائیں۔ چند روز کےاستعمال سے بفضلہٖ جگر یرقان کی تمام خرابیاں دور ہوجاتی ہیں۔ 

لیموں سے یرقان کا علاج

یرقان کی ابتدائی سٹیج میں عرق لیموں دن میں دو بار روزانہ آنکھوں میں ڈالیں۔ چند روز کے استعمال سے فائدہ ہوگا۔

دل کی بیماریاں

جسم انسان کے اندر دل کو وہی رتبہ حاصل ہے جو ملک کے اندر بادشاہ کو ہوتا ہے۔ اگر دل بیمار ہوجائے تو تمام بدن کو قرار نہیں رہتا

لیموں سے دل کا علاج

تازہ لیموں کا پانی آدھا سیر، کھنڈ سیر بھر، پہلے کھنڈ کو قدرے پانی ملاکر آگ پر پکائیں جب تمام گاڑھا ہوجائے تو اس میں آب لیموں ملا لیں۔ ایک جوش آجانے پر اتار لیں۔ اگر زیادہ دیر رکھا جائے گا تو کڑوا ہوجائے گا۔ بس شربت تیار ہے۔ ٹھنڈا ہونے پر شیشیوں میں بھر رکھیں۔ فوائد: یہ شربت دل کو خوش اور طاقت دیتا ہے۔ اور بھوک لگاتا ہے۔ معدہ اور پیٹ درد اور بخار کیلئے بھی مفید ہے۔

پیاس کی زیادتی

جب بار بار پیاس لگتی ہو منہ اور زبان خشک ہورہے ہیں تو اس وقت دل بہت بے چین ہوجاتا ہے۔ ایسے موقعوں پر لیموں کو چیر کر تھوڑا تھوڑا چوستے رہنا بفضلہٖ پیاس کو بند کر دیتا ہے اور اس سے بے چینی دور ہو جاتی ہے۔ لیموں نہ چوسے جاسکیں تو ان میں ہم وزن مصری شامل کر کے دس گنا پانی ملائیں۔ اور اس مشروب کو تھوڑا تھوڑا پلاتے رہیں فائدہ ہوگا۔

جہازی چکر اور الٹی

جو لوگ جہازوں یا بسوں میں سفر کرتے ہیں عام طور پر لیموں کو اپنے پاس  ضرور رکھیں۔ جب ان کا جی متلانا یا قے آنے لگے تو لیموں چوس لیں۔ اس سے ان کو بہت فائدہ ہوگا۔ یہ بھی پڑھیں۔ مہندی سے علاج / مہندی کے فوائد

جہازی چکر اور الٹی 2

لیموں کو چیر کر دونوں ٹکڑوں پر قدرے کھانڈ لگا کر چوسیں۔ اس کے چوستے رہنے سے بھی متلی، الٹی، قے وغیرہ نہیں ہوگی۔

معدہ کے درد کا لیموں سے علاج

لیموں کا پانی نصف چھٹانک لے کر چینی کا آمیز کر کے پینے سے بھی معدہ کا درد رفع دفعہ ہوجائے گا۔

پیٹ کے کیڑے

لیموں کے پتے اور سیاہ مرچ ہم وزن پیس کر تھوڑا سا پانی شامل کر کے پلائیں فوراً پیٹ کے کیڑے مر جائیں گے۔

لیموں کا طلاء

نہانے کا کوئی صابن لے کر اس میں ہم وزن چینی شامل کریں اور اس میں حسب ضرورت آب لیموں ملاکر خوب کھرل کریں اس طلا کا بوقت حاجت قضیب پر لیپ کریں اور خشک ہونے پر کار خیر میں لگ جائیں اور پھر خوب چوکے چھکے لگائیں۔


0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں